ترکی میں بجلی تیار کرنے والی ایک بڑی کمپنی"کارڈاینیز ہولڈنگ" نے فلسطین کے جنگ سے متاثرہ علاقے غزہ کی پٹی میں بجلی کے بحران کے خاتمے میں مدد فراہم کرنے کے لیے اپنے بجلی کے پاور پلانٹ غزہ بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ جلد ہی پاور پلانٹ پر مشتمل ایک بحری جہاز غزہ روانہ کرے گی،جن سے یومیہ 20 میگاواٹ بجلی تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ اگلے مرحلے
میں مزید پاور پلانٹ بھی غزہ بھیجے جائیں گے اور یومیہ بارہ سو میگاواٹ بجلی کی تیاری کا ہدف پورا کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ترکی کی پاور پلانٹ فرم کا ہیڈ کواٹر ترکی کے شہر استنبول میں قائم ہے تاہم یہ کمپنی عراق اور لبنان سمیت کئی دوسرے ملکوں میں بھی بجلی کی سپلائی کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ حال ہی میں کمپنی کی جانب سے سات پاور جنریٹر غزہ منتقل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جن سے یومیہ بارہ سو میگاواٹ بجلی تیار کی جا سکے گی۔